اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ امریکہ کے وزیر جنگ ایشٹن کارٹر نے قندھار میں امریکی فوجیوں کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم افغانستان میں مستقل بنیادوں پررہنا چاہتے ہيں۔ انہوں نے کہا کہ امریکی فوج، قندھارکو تربیتی اور مشاورتی مرکز بنائے گی۔ امریکی وزیرجنگ نےدعوی کیا کہ امریکی فوج قندھار میں افغان پولیس اور فوج کی صلاحیتوں اور توانائیوں میں اضافہ کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ امریکی وزیر جنگ نے ساتھ ہی یہ بھی اعتراف کیا کہ افغان فوج اس وقت کافی حد تک طاقتور اور مضبوط ہوچکی ہے اور مسلح طالبان جنگجوؤں پر قابو پاسکتی ہے۔ ایشٹن کارٹر جو ہفتے کے روز کابل پہنچے تھے، اتوار کو قندھار کےفوجی ہوائی اڈے پرامریکی فوجیوں سے مختصر ملاقات کی۔ قندہار میں دوسو پانچ امریکی فوجی تعینات ہیں کہ جن کی ذمہ داری قندہار اور ہلمند صوبوں میں دہشت گردوں اورمسلح عناصر سے مقابلہ کرنا ہے۔ یاد رہے کہ امریکی صدر بارک اوباما نے اپنی انتخابی مہم میں امریکی رائے دہندگان سے وعدہ کیا تھا کہ نیٹو کے مشن کے اختتام کے ساتھ ہی، امریکی فوج بھی افغانستان سے مکمل طور پرنکل جائے گی۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ افغانستان میں نیٹو کا مشن دوہزار چودہ کے آخر میں ختم ہوچکا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲